پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ رد و بدل کے معاملے پر حکومت اور پیٹرول پمپ مالکان کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے، جس کے بعد آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے آج رات سے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کردیا۔
ایسوسی ایشن کے نمائندے نعمان علی بٹ نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا فیصلہ قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرول پمپ مالکان کی وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے اہم ملاقات ہوئی، تاہم مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔
نعمان علی بٹ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ڈیلرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان کے تحفظات دور نہیں کیے گئے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن نے آج رات سے ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب پیٹرول پمپ بندش کے اعلان کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جبکہ شہریوں کو ممکنہ صورتحال کے پیش نظر تشویش کا سامنا ہے۔

















