مون سون بارشوں سے قبل کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کا عمل تیز کردیا گیا میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میونسپل کمشنر ابرار جعفر اور متعلقہ افسران کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
میئر کراچی کو سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز حنان بھٹو نے شہر کے مختلف اضلاع میں جاری نالوں کی صفائی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ترجمان کے مطابق ضلع جنوبی، شرقی، وسطی، غربی، کورنگی، کیماڑی اور ملیر میں برساتی نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے، جبکہ بارشوں سے قبل تمام چوکنگ پوائنٹس کلیئر کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نالوں سے نکالا جانے والا کچرا فوری طور پر لینڈ فل سائٹس منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ شہر میں گندگی کے مسائل پیدا نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی بلا رکاوٹ نکاسی کے لیے نالوں سے کچرا اور ملبہ ہٹایا جا رہا ہے، صفائی کے عمل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
میئر کراچی کے مطابق کے ایم سی کے 45 بڑے برساتی نالوں کی صفائی کا آپریشن 15 جون سے شروع کیا گیا جو 15 ستمبر تک جاری رہے گا، جبکہ مون سون کے دوران بھی صفائی کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے گلاس ٹاور، گرومندر، جہانگیر روڈ اور کریسنٹ کالونی کے نالوں کا دورہ کرکے جاری کام کا معائنہ کیا اور چوکنگ پوائنٹس کی شکایات پر فوری اقدامات کی ہدایت دی۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ مون سون کے دوران وہ خود، افسران اور منتخب نمائندے فیلڈ میں موجود رہیں گے، جبکہ محکمہ میونسپل سروسز کے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کے انتظامات مؤثر انداز میں جاری رکھے جا سکیں۔

















