دنیا میں ایسے افراد کی کمی نہیں ہیں جو کسی خاص شے سے انسیت کی وجہ ایسے کام کر جاتے ہیں جنہیں تاریخ ہمیشہ یاد رکھتی ایسا ہی ایک کارنامہ شارک سے غیر محبت کرنے والی امریکی خاتون نے انجام دے کر عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
ایملی موریسن نامی امریکی خاتون نے اپنے جسم پر شارک مچھلی کے 106 ٹیٹو بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
ایملی موریسن جو ایک شارک بایولوجسٹ ہیں اور شارک کے فوسلز (قدیم باقیات) تلاش کرنے والی ڈائیونگ ٹور کمپنی کی مالک بھی ہیں کو مئی میں گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے خواتین کے جسم پر شارک کے سب سے زیادہ ٹیٹوز رکھنے کا اعزاز دیا گیا۔ اس موقع پر ان کے تمام ٹیٹوز کی باقاعدہ گنتی کی گئی۔
“شارک لیڈی ایملی” کے نام سے مشہور موریسن نے بتایا کہ شارک سے ان کی دلچسپی ابتدا میں خوف کی وجہ سے پیدا ہوئی۔ جب وہ آٹھ سال کی تھیں تو انہوں نے فلم “Jaws” دیکھی، جس سے وہ شارک سے ڈرنے لگیں۔ بعد میں ان کے والد نے انہیں لائبریری جا کر حقیقی شارک کے بارے میں تحقیق کرنے کی ترغیب دی، جس کے بعد ان کا خوف محبت میں بدل گیا۔
ایملی نے کہا “میں بہاماز میں ٹائیگر شارکس اور گریٹ ہیمرہیڈ شارکس کو اپنے ہاتھ سے خوراک دے چکی ہوں، آسٹریلیا میں پنجرے کے اندر رہ کر گریٹ وائٹ شارکس کے ساتھ غوطہ لگا چکی ہوں، میکسیکو کے ساحل کے قریب وہیل شارکس کے ساتھ تیر چکی ہوں، اور اس کے علاوہ بھی بہت کچھ کر چکی ہوں۔”
شارک کی ماہر ایملی موریسن جلد ہی ڈسکوری چینل کے خصوصی پروگرام “My Strange Shark Addiction” میں بھی نظر آئیں گی، جو سالانہ شارک ویک (Shark Week) کی خصوصی نشریات کا حصہ ہے۔ یہ پروگرام اتوار سے شروع ہو رہا ہے۔




















