لاہور: پنجاب میں مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارش کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 10 تک پہنچ گئی جب کہ 19 افراد زخمی ہوئے۔
پنجاب میں چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے، بجلی کی تاریں گرنے اور پانی میں ڈوبنے کے واقعات کے بعد ریسکیو ٹیمیں مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
لاہور کے علاقے میلاد چوک، شاداب کالونی اور فیروزپور روڈ کے قریب ایک گھر کی مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں بارش کے دوران بجلی کی تار گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جب کہ اوکاڑہ کے شیر ربانی ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
دیپالپور کے علاقے قلعہ سوندھا سنگھ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔ اسی دوران دیگر علاقوں میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں 4 بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
شیخوپورہ میں ہیڈ روشن دین کے قریب مسافر بس پر بجلی کی تار گرنے سے بس کا کنڈیکٹر جاں بحق ہوگیا جب کہ 6 مسافر زخمی ہوئے۔
قصور کے علاقے راجہ جنگ میں بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی میں ڈوب کر 2 کمسن بچے جاں بحق ہوگئے جس کے بعد بارش سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 10 ہوگئی۔
گجرات کے علاقے بوڑ والہ میں بھی بارش کے باعث ایک گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے 3 بچے ملبے تلے دب گئے جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو 1122 کی ٹیمیں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، بجلی کی تنصیبات اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں اور خستہ حال عمارتوں میں رہائش یا پناہ لینے سے اجتناب کریں۔



















