Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آزاد کشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے میں بھی ن لیگ کا پلڑا بھاری، پیپلزپارٹی 5 نشستوں پر کامیاب

20 انتخابی حلقوں میں سے 18 کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج موصول ہو چکے ہیں۔

مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) نے برتری برقرار رکھتے ہوئے اب تک 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 5 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔

 20 انتخابی حلقوں میں سے 18 کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج موصول ہو چکے ہیں۔

دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ مظفرآباد ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں ووٹنگ کا عمل پرامن انداز میں مکمل ہوا تاہم حلقہ ایل اے 27 میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتخابی عملہ اور پولنگ سامان بروقت نہ پہنچنے کی وجہ سے تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔

غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج

غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق ایل اے 25 نیلم ویلی 1 سے مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر کامیاب قرار پائے جبکہ ایل اے 26 نیلم ویلی 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید کو برتری حاصل ہے۔

ایل اے 29 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار مختار احمد خان کامیاب ہوئے جبکہ ایل اے 30 مظفرآباد 4 سے مسلم لیگ (ن) کے مصطفیٰ بشیر عباسی نے کامیابی حاصل کی۔ ایل اے 32 سے مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد فاروق حیدر اور ایل اے 33 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے دیوان علی قمر کامیاب قرار پائے۔

مہاجرین کی نشستوں میں ایل اے 34، 35، 36، 37، 38 اور 39 پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو برتری یا کامیابی حاصل ہوئی جبکہ کشمیر ویلی کی نشستوں میں ایل اے 40 پر پاکستان پیپلز پارٹی کے عامر عبدالغفار آگے رہے۔ ایل اے 41، 42، 43 اور 44 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ ایل اے 45 کشمیر ویلی 6 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالماجد خان نے کامیابی حاصل کی۔

اب تک سامنے آنے والے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) مجموعی طور پر واضح برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔

دوسرے مرحلے کے نتائج پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ “کوئی اور نہیں، بس شیر ہے۔”

بعدازاں راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے کامیابی کا جشن منایا جبکہ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب بھی کارکنوں کے ہمراہ موجود رہیں۔

متعلقہ خبریں