Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایم کیو ایم بہادرآباد مرکز سیل کرنے کا معاملہ، شبیر قائم خانی کا ردعمل سامنے آ گیا

فی الحال بہادرآباد مرکز کو سیل نہیں کیا گیا اور دفتر معمول کے مطابق موجود ہے

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کو سیل کرنے کیلئے پولیس کی آمد کے بعد صورتحال پر پارٹی رہنماؤں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دفتر سیل کرنے سے متعلق پولیس کے پاس کوئی تحریری حکم موجود نہیں۔

ایم کیو ایم رہنما شبیر قائم خانی نے بہادرآباد آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حکام سے کہا گیا کہ اگر دفتر سیل کرنے کا کوئی آرڈر موجود ہے تو دکھایا جائے تاہم اب تک کوئی لیٹر فراہم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال بہادرآباد آفس کو سیل نہیں کیا جا رہا اور معاملہ بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

شبیر قائم خانی نے کہا کہ ہم سب آپس میں بھائی ہیں غلط فہمیوں کی وجہ سے تلخیاں بڑھ جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی مثال ماضی میں پوری دنیا دیتی تھی ہم مایوس نہیں ہیں، کچھ مسائل ہیں جنہیں جلد حل کرلیا جائے گا۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ناراضگیاں اور رنجشیں ختم کرنے کی کوشش جاری ہے جبکہ گزشتہ واقعے کے بعد تنظیمی اجلاس بھی ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں اور چھاپوں سے متعلق انہیں مکمل معلومات نہیں ہیں تاہم ہر سیاسی جماعت میں کبھی کبھار معاملات خراب ہو جاتے ہیں اور غلط فہمیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔

شبیر قائم خانی کا کہنا تھا کہ گھروں میں بھی بھائیوں کے درمیان اختلافات ہو جاتے ہیں اسی طرح سیاسی جماعتوں میں بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا فائدہ پیپلز پارٹی کو پہنچے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کی پوری کوشش ہے کہ عوام کو بہتر انداز میں ڈیلیور کیا جائے جبکہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کو کوئی بھی پسند نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ پولیس نے بہادرآباد مرکز کے حوالے سے کارروائی کیلئے آمد کی تھی جبکہ دوسری جانب خالد مقبول صدیقی گروپ سے تعلق رکھنے والے سوسائٹی سیکٹر انچارج ذیشان حبیب کو بہادرآباد پر فائرنگ کیس میں گرفتار کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

متعلقہ خبریں