Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا خوش فہمی میں نہ رہے، عمان سے معاہدے کے بعد بھی آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی، ایران

بات چیت کا تعلق صرف آبنائے ہرمز میں مستقبل کے بحری انتظامات سے ہے

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا کسی خوش فہمی میں نہ رہے کیونکہ عمان کے ساتھ کسی بھی معاہدے سے آبنائے ہرمز فوری طور پر دوبارہ نہیں کھلےگی۔

ایرانی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تہران اور مسقط کے درمیان ہونے والی بات چیت کا تعلق صرف آبنائے ہرمز میں مستقبل کے بحری انتظامات سے ہے، جبکہ اس کا امریکا کے ساتھ براہ راست کوئی تعلق نہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان ممکنہ سمجھوتہ بحری آمدورفت کے طریقہ کار یا انتظامی معاملات تک محدود ہو سکتا ہے، تاہم آبنائے ہرمز کو کھولنے یا بند رکھنے کا فیصلہ ایک الگ معاملہ ہوگا۔

ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بحالی کا انحصار امریکا کے رویے میں تبدیلی اور تہران کے مطابق امریکی خلاف ورزیوں کے خاتمے پر ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں ایک نئی مشترکہ بحری راہداری کے قیام پر بات چیت کر رہے ہیں۔

ایرانی مؤقف کے مطابق اگر امریکا ان مذاکرات میں مداخلت نہ کرے تو عمان کے ساتھ کسی نئے بحری انتظام پر اتفاق ممکن ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب عمانی حکومت نے تاحال مذاکرات یا کسی ممکنہ معاہدے سے متعلق باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، جبکہ امریکی حکام کی جانب سے بھی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ خبریں