Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، فتنۃ الخوارج کے 10 دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ آپریشنز میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 6 اگست کو جنوبی وزیرستان اور ضلع دیر میں دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ کارروائیاں کی گئیں۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی تاہم فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ مؤثر انداز میں ناکام بنا دیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنۃ الخوارج کے 8 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے جبکہ ضلع دیر میں ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔

بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ علاقے میں دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری ہے، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلاتعطل جاری رہیں گی۔

متعلقہ خبریں