راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان کے 17 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ ہلاک دہشت گرد مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز برآمد ہوئے جب کہ علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا پاکستان سے مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں فتنۂ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت نے مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں میں 17 دہشت گردوں کی ہلاکت کو سراہا۔
اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کیا جانا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فتنۂ الہندوستان اور اس کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
وزیر اعظم نے سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں کامیاب انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔
وزیراعظم نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں پوری قوم کے عزم اور اتحاد کی عکاس ہیں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
شہباز شریف کہتے ہیں کہ پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیر اعظم مزید کہتے ہیں کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔


















