اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور روزگار کے مواقع بڑھانے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں نواز شریف نے عوامی نمائندوں کو مسائل کے حل کے لیے متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی جب کہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ریلیف کی فراہمی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھائیں، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہونہار بچوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہونا چاہیے اور جدید تعلیم کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ جس طرح ملک کے دیگر شہروں میں جدید سفری سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں، اسی طرح الیکٹرک بسیں گلگت بلتستان میں بھی چلنی چاہئیے تاکہ عوام کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات میئسر آسکیں۔
نواز شریف کہتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سولر منصوبے فراہم کرکے گلگت بلتستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور اس شعبے کی ترقی سے مقامی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔
نواز شریف نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے ادوار میں گلگت بلتستان میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا اور عوامی فلاح کے متعدد منصوبے مکمل کیے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی شعبوں میں بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے جب کہ گلگت بلتستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

















