Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دنیا کی بدصورت ترین شارک کی پہلی ویڈیو منظر عام پر

ماہرین کے مطابق یہ شارک تقریباً 12 کروڑ 50 لاکھ سال سے زمین پر موجود ہے

سائنسدانوں نے سمندر کی گہرائیوں میں رہنے والی نایاب اور عجیب الخلقت گوبلن شارک کی پہلی واضح ویڈیو ریکارڈ کر لی ہے۔

   بڑی ناک اور پھیلے ہوئے جبڑوں کی وجہ سے اسے دنیا کی بدصورت ترین شارک بھی کہا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ شارک تقریباً 12 کروڑ 50 لاکھ سال سے زمین پر موجود ہے اسی لیے اسے “لونگ فوسل” بھی کہا جاتا ہے۔ گوبلن شارک عام طور پر 2 ہزار میٹر سے زائد گہرائی میں رہتی ہے اور شکار کے وقت اپنے جبڑوں کو انتہائی تیزی سے آگے نکال کر شکار کو دبوچ لیتی ہے۔

اس شارک کو پہلی بار 2019ء میں ہوائی کے قریب موجود جزیرے جارویس اور 2024ء میں ٹونگا ٹرینچ میں پانی کی گہرائیوں میں تیرتے ہوئے فلمایا گیا تھا۔

سائنسدانوں کے مطابق عام حالات میں اس شارک کا منہ اندر کی طرف ہوتا ہے لیکن شکار کرتے وقت یہ گولی کی رفتار سے اپنے جبڑوں کو تیزی سے آگے کی طرف نکال کر شکار کو جکڑ لیتی ہے۔

سائنسدانوں نے مزید بتایا ہے کہ گوبلن شارک کا رنگ سرمئی ہوتا ہے، ناک طوطے کی چونچ کی طرح لمبی ہوتی ہے اور اس کا جسم کسی ہارر فلم کے کردار جیسا نظر آتا ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سمندر کی اتنی گہرائی میں اس نایاب شارک کی ویڈیو ریکارڈ کرنا ایک اہم سائنسی کامیابی ہے جبکہ اس تحقیق کے نتائج حال ہی میں شائع کیے گئے ہیں۔