جاپانی مارکیٹ میں اب لیٹس ایسے شفاف پلاسٹک کی پیکنگ میں فروخت کی جارہی ہے جس پر جاپانی اداکار تاتسویا فوجیوارا کا چہرہ بنا ہوا ہے تاکہ اس فروخت کو بڑھایا جاسکے۔
جاپان میں موسم گرما میں لیٹس کی پیداوار زیادہ ہوتی ہے اسے ضائع ہونے سے بچانے کے لیے اب اداکار بھی میدان میں آگئے اور ایک انوکھی مہم سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
عام طور پر سپر مارکیٹ سے سبزیاں خریدتے وقت کسی مشہور اداکار کا چہرہ لیٹس پر نظر آنا غیر متوقع بات ہے لیکن آج کل ٹوکیو کی سپر مارکیٹوں میں خریداروں کو یہی منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔

تاتسویا فوجیوارا کے چہرے والی شفاف پلاسٹک فلم میں پیک کی گئی لیٹس نہ صرف ٹوکیو کی سپر مارکیٹوں سے تیزی سے فروخت ہو رہی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔ اگرچہ جاپان میں اس قسم کی منفرد تشہیری مہمات نئی بات نہیں لیکن اس بار اس کا مقصد لیٹس کو ضائع ہونے سے بچانا ہے۔
لیٹس جاپانی کھانوں کا ایک اہم جزو ہے مگر اعداد و شمار کے مطابق جاپان میں گرمیوں کے موسم میں جب لیٹس کی پیداوار سب سے زیادہ ہوتی ہے تو 60 فیصد سے زائد لوگ اسے ضائع کر دیتے ہیں کیونکہ شدید گرمی میں یہ جلد خراب ہو جاتی ہے۔

خوراک کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے جاپان کی معروف فوڈ کمپنی اجینوموتو نے ایک زرعی تعاون تنظیم کے ساتھ مل کر اداکار تاتسویا فوجیوارا سے درخواست کی کہ وہ اس مہم کے لیے اپنا چہرہ استعمال کرنے کی اجازت دیں۔
فوجیوارا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا مجھے کہا گیا کہ ’’لیٹس مشکل میں ہے، کیا آپ اپنا چہرہ ادھار دیں گے؟‘‘ میں نے جواب دیا، ‘ضرور۔’ پھر معلوم ہوا کہ واقعی مجھے اپنا چہرہ ادھار دینا ہے۔ آخر کیوں…؟ خیر میں سبزیوں کے سیکشن میں آپ کا انتظار کروں گا۔”
ابتدا میں لوگوں کو سمجھ نہیں آیا کہ اس اعلان کا مطلب کیا ہے لیکن جب تاتسویا فوجیوارا کے چہرے والی لیٹس کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں تو سارا معاملہ واضح ہو گیا۔ اس منفرد تشہیری مہم نے فوری طور پر لوگوں کی توجہ حاصل کی اور وہ لیٹس جو شاید ضائع ہو جاتی تیزی سے فروخت ہونے لگی۔
رواں ماہ ایسی صرف 10,000 لیٹس مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کی گئی ہیں۔ اگر یہ منفرد مہم واقعی خوراک کے ضیاع کو روکنے یا کم کرنے میں کامیاب ثابت ہوتی ہیں تو ممکن ہے مستقبل میں سپر مارکیٹوں میں تاتسویا فوجیوارا کا چہرہ مزید سبزیوں کی پیکنگ پر بھی نظر آئے۔




















