امریکی اسپیڈ کیوبر ٹومی چیری نے آنکھوں پر پٹی باندھ کر صرف 11.56 سیکنڈ میں 3x3x3 روبکس کیوب حل کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کر لیا۔
21 سالہ ٹومی چیری نے یہ کارنامہ 28 جون 2026 کو امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر برانچبرگ میں منعقدہ مڈ اٹلانٹک کوائٹ چیمپئن شپ 2026 کے دوران انجام دیا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کا سب سے چھوٹا روبک کیوب تیار
ٹومی چیری نے پہلی بار 2021 میں 15.27 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ یہ عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا اور اس کے بعد تقریباً ہر سال اپنے ہی ریکارڈ کو بہتر بناتے رہے ہیں۔
@guinnessworldrecords Fastest time to solve a 3x3x3 rotating puzzle cube while blindfolded ⏱️ 11.56 seconds by Tommy Cherry 🇺🇸 @tommycherry_cubingcoach Tommy recently reclaimed his record at the Mid-Atlantic Quiet Championship 2026 event in Branchburg, New Jersey, USA, on 28 June 2026.
اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے چارلی ایگنز کے پاس تھا، جنہوں نے 10 جنوری 2026 کو سڈنی میں ہونے والے کیوبنگ ایٹ دا کیوب 2026 مقابلے میں 11.67 سیکنڈ میں روبکس کیوب حل کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹومی چیری اور چارلی ایگنز اس وقت آنکھوں پر پٹی باندھ کر 3x3x3 روبکس کیوب حل کرنے کے اوسط تیز ترین وقت کا مشترکہ عالمی ریکارڈ بھی رکھتے ہیں دونوں نے 14.05 سیکنڈ کی اوسط کے ساتھ یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹومی چیری نے کہا، “2024 کے بعد یہ میرا پہلا عالمی ریکارڈ ہے اس لیے دوبارہ بہتری لانے پر بے حد خوش ہوں اور امید ہے کہ آئندہ بھی اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بناتا رہوں گا۔”




















