امریکی ملبوساتی کمپنی ہیرکلیون نے وی 5.0 ہیرک کے نام سے ایک نئی ٹی شرٹ متعارف کرائی ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اسے روزانہ استعمال کے باوجود 30 دن تک بغیر دھوئے پہنا جا سکتا ہے اور اس دوران اس میں بدبو پیدا نہیں ہوتی۔
کمپنی کے مطابق ٹی شرٹ میں ایسی خصوصی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کی افزائش کو روکتی ہے اور کپڑے کو زیادہ عرصے تک تازہ رکھتی ہے۔ اگرچہ یہ دعویٰ خاص طور پر گرمیوں کے موسم میں غیر معمولی محسوس ہوتا ہے، جب زیادہ پسینہ آنے کے باعث کپڑوں میں جلد بدبو پیدا ہو سکتی ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی تیار کردہ ٹیکنالوجی مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی شرٹ کی ایجاد کن افراد کے لیے ہوئی تھی؟
ہیرکلیون کے مطابق اس ٹی شرٹ کی تیاری میں سات خصوصی اجزا استعمال کیے گئے ہیں جن میں تانبا، چاندی، زنک، سونا، آتش فشانی راکھ اور دو خفیہ اجزا شامل ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اجزا صرف کپڑے کی سطح پر نہیں لگائے گئے بلکہ انہیں کپڑے کے ریشوں میں شامل کیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق تانبا بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کی افزائش کو محدود کرتا ہے، زنک پسینے سے پیدا ہونے والے سلفر مرکبات کو بے اثر بناتا ہے، جبکہ آتش فشانی راکھ نمی اور بیرونی بدبو کو جذب کرنے میں مدد دیتی ہے۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ کم دھلائی کی ضرورت کے باعث ٹی شرٹ کی عمر بھی عام ٹی شرٹس کے مقابلے میں زیادہ ہو سکتی ہے۔ اس نئی ٹی شرٹ کی قیمت 79 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس کی شپمنٹ نومبر کے آغاز میں شروع ہوگی اور ابتدائی طور پر یہ صرف سیاہ رنگ میں دستیاب ہوگی، جبکہ بعد ازاں اسے نیوی بلیو، برگنڈی اور گہرے سبز رنگوں میں بھی فروخت کرنے کا منصوبہ ہے۔
واضح رہے کہ ٹی شرٹ کی کارکردگی سے متعلق تمام دعوے کمپنی کی جانب سے کیے گئے ہیں اور ان کی آزادانہ سائنسی تصدیق کا ذکر نہیں کیا گیا۔




















