ایک شخص نے مسلسل فٹبال کو سر سے اچھالتے ہوئے 17 ٹی شرٹس پہننے کا نیا ریکارڈ قائم کر لیا۔
کوسوو سے تعلق رکھنے والے فٹبال کے ایک شوقین نے اپنی غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک فٹبال کو مسلسل سر سے اچھالتے ہوئے 17 ٹی شرٹس پہننے کا کارنامہ انجام دے کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروالیا۔
56 سالہ اگیم آگوشی جو کہ ہائی اسکول میں ریاضی کے استاد ہونے کے ساتھ دو بچوں کے والد بھی ہیں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کا وہ اعزاز اپنے نام کیا جس میں فٹبال کو سر سے کنٹرول کرتے ہوئے سب سے زیادہ ٹی شرٹس پہننا شامل ہے۔
خیال رہے کہ انہوں نے یہ نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ 14 ٹی شرٹس کا توڑ دیا۔
آگوشی نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا، اس نئی کوشش کے پیچھے ایک خاص مقصد تھا۔ 17 ٹی شرٹس پہننا میرے ملک کوسوو کے یومِ آزادی، 17 فروری، کی نمائندگی کرتا ہے۔”
آگوشی اس سے قبل بھی کئی گنیز ورلڈ ریکارڈ کے اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔ ان میں فٹبال کو سر سے اچھالتے ہوئے سب سے زیادہ 28 ٹی شرٹس اتارنے کا ریکارڈ، اسی انداز میں ٹی شرٹ پہننے اور اتارنے کی 164 مرتبہ کی کوشش اور دو افراد کے درمیان سر سے فٹبال اچھالنے کا 34 منٹ اور 1 سیکنڈ کا ریکارڈ شامل ہے۔




















