Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھیک مانگنے والی خاتون کی دولت مرنے کے بعد سامنے آگئی، لاکھوں روپے برآمد

یہ خاتون کئی برس سے سکے جمع کرکے گھر لاتی اور انہیں مختلف تھیلوں میں محفوظ کرتی تھیں۔

بھارت میں 69 سالہ خاتون کی موت کے بعد گھر سے برسوں کی جمع پونجی برآمد ہوئی جو 8 لاکھ 40 ہزار بھارتی روپے نکلی۔

بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر منڈیا کے گٹالو روڈ کے قریب رہنے والی نور نامی خاتون اپنے گھر میں اکیلی رہتی تھیں اور شہر کی سڑکوں اور ٹریفک اشاروں پر بھیک مانگتے ہوئے اکثر دکھائی دیتی تھیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق نور کئی برسوں سے لوگوں کی جانب سے دیے جانے والے سکے جمع کرکے گھر لاتی اور انہیں مختلف تھیلوں میں محفوظ کرتی تھیں۔ انہوں نے اپنی کچھ رقم بینک اکاؤنٹس میں بھی جمع کر رکھی تھی۔

نور طویل علالت کے باعث بدھ کے روز انتقال کرگئیں تھیں جب کہ ان کے رشتہ داروں نے مقامی افراد کی مدد سے ان کی آخری رسومات ادا کیں۔

خاتون کی وفات کے بعد گھر میں رکھے تھیلے کھولے گئے تو ان میں بڑی تعداد میں سکے اور نقد رقم موجود تھی۔ رقم گننے کے بعد جب اسے بینک میں موجود جمع پونجی کے ساتھ ملایا گیا تو کل رقم 8 لاکھ 40 ہزار بھارتی روپے نکلی۔

یہ رقم اس خاتون کی برسوں پر محیط بچت کا نتیجہ تھی۔ وہ راہگیروں اور ٹریفک اشاروں پر لوگوں سے ملنے والی معمولی رقم خرچ کرنے کے بجائے اسے مسلسل جمع کرتی رہی تھیں۔

پولیس کے مطابق نور کی موت طبعی وجوہات کے باعث ہوئی اور واقعے کے حوالے سے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔