Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بجٹ 2026-27؛ اگلے مالی سال مہنگائی کی شرح کتنی رہے گی؟

حکومت نے اگلے مالی سال کیلئے مہنگائی کی شرح 8.2 فیصد مقرر کردی

اسلام آباد: حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے ملکی معیشت کے حجم کو 133.8 ٹریلین روپے تک پہنچانے کا ہدف تجویز کیا ہے جبکہ مجموعی قومی آمدنی 153 ٹریلین روپے سے تجاوز کر جانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے مہنگائی کی شرح 8.2 فیصد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک افراطِ زر 7.1 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

حکومت نے جی ڈی پی میں 13.4 فیصد اضافے کا ہدف بھی تجویز کیا ہے جبکہ بیرونِ ملک سے حاصل ہونے والی آمدنی 9.6 ٹریلین روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔

دستاویزات میں مجموعی سرمایہ کاری کا حجم 21.5 ٹریلین روپے تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے جبکہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں 22 فیصد اضافے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ فکسڈ انویسٹمنٹ کو 19 ٹریلین روپے سے زائد تک لے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق قومی بچتوں کا حجم 20.5 ٹریلین روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ معیشت میں سرمایہ کاری کا تناسب 15 فیصد تک بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

اس کے علاوہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے جی ڈی پی میں تناسب کو 10.3 فیصد تک پہنچانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے جبکہ بیرونی وسائل کی آمد 1044 ارب روپے تک رہنے کا امکان ہے۔

دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ فی کس قومی آمدنی 5 لاکھ 90 ہزار روپے سے تجاوز کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔