اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں گزشتہ ہفتے 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر 17 ارب 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق دوسری جانب کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر میں 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد ان کے ذخائر 5 ارب 41 کروڑ ڈالر رہ گئے۔
مرکزی بینک کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافے کے باوجود کمرشل بینکوں کے ذخائر میں کمی کے باعث ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 60 لاکھ ڈالر کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد مجموعی ذخائر 22 ارب 66 کروڑ ڈالر کی سطح پر آگئے ہیں۔



















