Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کنزہ ہاشمی نے اسٹاکنگ کے خوفناک تجربے سے پردہ اٹھا دیا

ایک مبینہ جنونی مداح شوٹنگ سیٹ تک بھی پہنچ گیا تھا، اداکارہ

پاکستانی اداکارہ کنزہ ہاشمی نے اپنی زندگی کے ایک انتہائی پریشان کن تجربے سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں طویل عرصے تک ایک مبینہ اسٹاکر کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا جس سے ان کی نجی زندگی اور سیکیورٹی شدید متاثر ہوئی۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کنزہ ہاشمی نے بتایا کہ بیرونِ ملک مقیم ایک شخص مسلسل ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھا، بعد میں معلوم ہوا کہ گھر کے بعض ملازمین بھی مبینہ طور پر اس شخص کو معلومات فراہم کر رہے تھے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے گھر کے کچھ ملازمین کئی برسوں سے ان کے ساتھ کام کر رہے تھے تاہم انہیں یہ جان کر شدید صدمہ پہنچا کہ گھر کے مختلف حصوں، ذاتی اشیا اور دیگر نجی معلومات کی تصاویر مبینہ طور پر اس شخص تک پہنچائی جا رہی تھیں۔

کنزہ ہاشمی نے بتایا کہ جب انہیں اس صورتحال کا علم ہوا تو وہ شدید حیرت اور پریشانی میں مبتلا ہو گئیں کیونکہ جن افراد پر وہ برسوں سے اعتماد کر رہی تھیں انہی پر نجی معلومات کے افشا ہونے کا شبہ سامنے آیا۔

اداکارہ نے ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک مبینہ جنونی مداح ان کے شوٹنگ سیٹ تک بھی پہنچ گیا تھا اور بعد ازاں ان کی رہائش گاہ کے قریب بھی دیکھا گیا تاہم وہ ان تک رسائی حاصل نہیں کر سکا۔

کنزہ ہاشمی کے مطابق ایسے واقعات نہ صرف خوف اور عدم تحفظ کا احساس پیدا کرتے ہیں بلکہ متاثرہ افراد کو شدید ذہنی دباؤ کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات اس نوعیت کے معاملات میں قانونی کارروائی یا شکایت درج کرانے کا عمل بھی آسان نہیں ہوتا، ان تجربات نے میری زندگی پر گہرا اثر ڈالا اور اب میں لوگوں پر پہلے جیسا اعتماد نہیں کر پاتی۔

کنزہ ہاشمی کے ان انکشافات کے بعد سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات کو درپیش سیکیورٹی، پرائیویسی اور اسٹاکنگ جیسے مسائل پر ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے۔