Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہم پلکیں کیوں جھپکاتے ہیں؟ ماہرین نے بتادیا

کیا آپکو معلوم ہے کہ ہم پلکیں کیوں جھپکاتے ہیں؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق پلکیں جھپکنے سے ہمیں آنکھوں سے دکھائی دینے والے مناظر کی تفصیلات کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ پلکیں جھپکنے سے ہمارے دماغ کو کسی منظر کی مجموعی تفصیلات کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے ماہرین نے لوگوں کی آنکھوں کی حرکات کو ٹریک کیا، جبکہ کمپیوٹر ماڈلز اور دیگر ڈیٹا کا تجزیہ بھی کیا۔

محققین کی جانب سے یہ جانچ پڑتال بھی کی گئی کہ مختلف مناظر میں انسانی آنکھ کس حد تک حساس ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب کوئی فرد پلکیں جھپکتا ہے تو اس کے لیے مناظر میں بتدریج ہونے والی تبدیلی کو محسوس کرنا آسان ہو جاتا ہے یعنی ہمیں اپنی آنکھوں کے سامنے موجود تفصیلات کو اکٹھا کرنے میں مدد ملتی ہے تاکہ ہمیں معلوم ہو سکے کہ ہم کیا دیکھ رہے ہیں۔

اس عمل کے دوران پلکوں کی تیز حرکت سے آنکھوں کے اندرونی اعضا مؤثر انداز سے متحرک ہوتے ہیں، جس سے ہمارے دماغ کو ایک مختلف قسم کا بصری سگنل جاتا ہے۔

محققین کے مطابق بینائی کا نظام اردگرد کی تبدیلیوں کے حوالے سے بہت حساس ہوتا ہے،کسی کیمرے کے برعکس ہماری بینائی تصویر کے لیے صرف عدسے پر انحصار نہیں کرتی بلکہ وہ یہ دیکھتی ہے کہ تصویر کس طرح بدل رہی ہے۔