آئسکریم کسے پسند نہیں، یہ بچوں اور بڑوں کا پسندیدہ میٹھا ہے اور موسم گرما میں تو اس طلب اور بھی بڑھ جاتی ہے یہاں تک کہ رات گئے بھی لوگوں کی بڑی تعداد اپنا من پسند کھانے کے لیے تیار رہتی ہے تاہم اس ضمن میں ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ رات گئے آئسکریم کھانے کی عادت نیند، دماغی کارکردگی اور نظامِ ہاضمہ پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق سونے سے پہلے آئسکریم کھانے سے جسم میں شوگر کی سطح تیزی سے بڑھتی ہے جس سے انسولین کے نظام پر دباؤ پڑتا ہے اور اگلے روز ذہنی چستی، توجہ اور یادداشت متاثر ہو سکتی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ آئسکریم میں موجود زیادہ شکر اور چکنائی دماغی دھند، تھکن اور توجہ میں کمی کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق رات دیر سے آئسکریم کھانے سے نیند کا معیار متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ بدہضمی، اپھارہ اور معدے کی بے چینی جیسی شکایات بھی پیدا ہو سکتی ہی، کیونکہ چکنائی اور شکر سے بھرپور غذا ہاضمے کے عمل کو سست کر دیتی ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ اگر میٹھا کھانے کی خواہش ہو تو آئسکریم کا استعمال دن یا شام کے اوقات میں کیا جائے کیونکہ اس وقت جسم خوراک کو بہتر انداز میں ہضم کرتا ہے اور صحت پر منفی اثرات کے امکانات نسبتاً کم ہوتے ہیں۔




















