گرمیاں اپنے ساتھ کئی مزیدار پھلوں کی سوغاتیں لے کر آتی ہے انہیں میں تربوز بھی شامل ہے ٹھنڈا اور میٹھا تربوز موسم گرما میں نہ صرف ٹھنڈک اور راحت دلاتا ہے بلکہ پانی کی کمی سے بھی بچاتا ہے۔
گرمیوں میں پسند کیے جانے والے پھل تربوز کے بارے میں نئی تحقیقی رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ جسم میں پانی کی کمی پوری کرنے کے ساتھ ساتھ دل اور خون کی شریانوں کی صحت بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
طبی جریدے نیچر میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹس کے مطابق تربوز کا باقاعدگی سے استعمال دل اور خون کی شریانوں کے افعال پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے جبکہ مجموعی صحت کو بھی فائدہ پہنچاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تربوز پانی، وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے۔ اس میں موجود قدرتی مرکبات دل کی شریانوں، خون کی روانی اور میٹابولک صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تربوز میں پانی کی مقدار زیادہ اور کیلوریز کم ہونے کے باعث یہ صحت بخش غذا تصور کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اس آسان طریقے سے تربوز کا رنگ اور مٹھاس مصنوعی ہے یا قدرتی جانیے
ایک تحقیق میں نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایگزامینیشن سروے کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ تربوز کھانے والے افراد مجموعی طور پر زیادہ متوازن اور غذائیت سے بھرپور غذا کا انتخاب کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق تربوز استعمال کرنے والے افراد کی خوراک میں غذائی فائبر، میگنیشم، پوٹاشیم، وٹامن سی، وٹامن اے، لائیکوپین اور دیگر کیروٹینائیڈز کی مقدار زیادہ جبکہ اضافی چینی کا استعمال نسبتاً کم پایا گیا۔
ایک اور کلینیکل ٹرائل میں 18 صحت مند نوجوانوں کو دو ہفتوں تک روزانہ تربوز کا جوس پلایا گیا۔ محققین نے دریافت کیا کہ تربوز میں موجود دو قدرتی مرکبات جسم میں نائٹرک آکسائیڈ کی پیداوار بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق نائٹرک آکسائیڈ خون کی شریانوں کو پھیلانے اور انہیں پرسکون رکھنے میں معاون ہوتا ہے جس سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے اور دل کے افعال کو سہارا ملتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ تربوز کے جوس کے استعمال سے دل کی دھڑکن کی صحت مند رفتار برقرار رکھنے اور خون کی شریانوں کے افعال بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
دیگر مطالعات میں بھی یہ بات سامنے آئی کہ تربوز کے استعمال سے خون کی شریانوں کی لچک میں بہتری آ سکتی ہے جبکہ اس میں موجود قدرتی مرکبات خون کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور دل کی شریانوں کی کارکردگی کو سہارا دینے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ تربوز میں موجود طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ لائیکوپین تکسیدی تناؤ کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے جو دل کی بہتر صحت کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
تاہم ماہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ان نتائج کی مزید تصدیق کے لیے بڑے پیمانے پر تحقیقات کی ضرورت ہے۔




















