لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری کو حکومت پنجاب کی جانب سے محفوظ بسنت کو ایک تفریحی تہوار کے طور پر منانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ امنِ عامہ، مذہبی ہم آہنگی اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جب کہ متعدد پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق بسنت کے دوران کسی قسم کی اشتعال انگیزی، قانون شکنی یا عوامی نظم و ضبط میں خلل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مذہبی جذبات کے احترام اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پتنگوں پر مقدس کتب، مذہبی مقامات، مذہبی شخصیات یا کسی بھی شخصیت کی تصاویر لگانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اسی طرح کسی ملک یا سیاسی جماعت کے جھنڈے، سیاسی یا مذہبی علامات اور نقش و نگار والی پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر بھی دفعہ 144 کے تحت پابندی ہوگی تاہم شہریوں کو بغیر تصویر، سادہ یک رنگی یا کثیر رنگی گُڈّا اور پتنگ استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
حکومت پنجاب کے مطابق پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت دھاتی تار اور نائلون ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بسنت کے دوران موٹرسائیکل سواروں کے لیے سیفٹی راڈ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔
انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ بسنت کے حوالے سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑیوں کی سخت چیکنگ اور اسکیننگ کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں جب کہ صرف قانون کے مطابق پتنگ بازی کا سامان شہر میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ ممنوعہ سامان فوری طور پر ضبط کیا جائے گا۔
ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور کسی بھی قسم کی خطرناک سرگرمی پر مکمل پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کو مکمل الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے جب کہ شہر کے تمام اسپتالوں میں ماہرین، طبی عملے اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ محفوظ بسنت منانے کا مقصد شہریوں کو تفریح فراہم کرنا ہے تاہم قانون کی خلاف ورزی یا عوامی سلامتی سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
















