Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حج 2026: پاکستانی عازمین کی مرحلہ وار واپسی کا شیڈول جاری، انتظامات مکمل

حکام کا کہنا ہے کہ حاجیوں کی وطن واپسی کا فضائی آپریشن ایک ماہ تک جاری رہے گا

سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد پاکستانی عازمین کی وطن واپسی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ سعودی عرب سے واپسی پروازوں کا باقاعدہ آغاز 31 مئی سے ہو چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلی پرواز کے ذریعے 391 حاجی وطن واپس پہنچ چکے ہیں، جبکہ سرکاری حج اسکیم کی پہلی باقاعدہ حج پرواز 31 مئی کی شب جدہ سے روانہ ہو گی جو یکم جون کی صبح سیالکوٹ پہنچے گی۔

حج آپریشن کے پہلے روز یکم جون کو مجموعی طور پر 22 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار 237 حاجیوں کو پاکستان واپس لایا جائے گا جبکہ 2 جون کو مزید 23 پروازیں مختلف شہروں میں پہنچیں گی۔

شیڈول کے مطابق پہلے روز اسلام آباد میں پانچ، کراچی اور لاہور میں چار، چار، ملتان اور سیالکوٹ میں تین، تین، فیصل آباد میں دو جبکہ کوئٹہ میں ایک پرواز حاجیوں کو لے کر پہنچے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ حاجیوں کی وطن واپسی کا فضائی آپریشن ایک ماہ تک جاری رہے گا اور عازمین کو مدینہ منورہ اور جدہ سے پاکستان منتقل کیا جائے گا۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 19 ہزار حاجیوں کو 471 پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا جبکہ اس آپریشن میں پاکستان کی سرکاری، نجی اور سعودی ایئر لائنز حصہ لیں گی۔

حج آپریشن کی آخری پرواز 30 جون کو لاہور پہنچے گی جس کے ساتھ ہی رواں سال کا حج فلائٹ آپریشن مکمل ہو جائے گا۔