Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کا لبنان میں فوری جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ

لبنان میں جاری بحران تیزی سے ایک سنگین انسانی المیے کی شکل اختیار کر رہا ہے

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان نے لبنان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں جاری بحران تیزی سے ایک سنگین انسانی المیے کی شکل اختیار کر رہا ہے جبکہ جنگ بندی کے انتظامات کے باوجود زمینی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری نہیں آ سکی۔

انہوں نے کہا کہ لبنان میں جاری فوجی کارروائیوں اور سرحدی کشیدگی کے باعث شہری آبادی شدید متاثر ہو رہی ہے جبکہ لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی علاقائی امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ بن رہی ہے۔

پاکستانی مندوب نے طبی مراکز، امدادی کارکنوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی جانوں کے تحفظ اور بحران کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

سفیر عاصم افتخار نے لبنان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو پہنچنے والے نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے تمام سفارتی کوششوں کا حامی ہے۔

پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کو جنگ بندی معاہدوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔

اجلاس کے دوران پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کرے۔

متعلقہ خبریں