Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی؛ پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرنا جرم بن گیا، 200 افراد پر مقدمہ درج

مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مشتعل ہجوم نے گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور کارِ سرکار میں مداخلت کی۔

کراچی: قیوم آباد میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کے معاملے پر پولیس نے 10 نامزد اور 200 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں اے ایس آئی عبدالقادر چنہ کی مدعیت میں درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہریوں نے گزشتہ روز قیوم آباد چورنگی پر پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق احتجاج کے دوران دونوں اطراف کی سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مشتعل ہجوم نے گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور کارِ سرکار میں مداخلت کی۔

پولیس کے مطابق موقع پر 100 سے 200 افراد موجود تھے جس پر اضافی نفری طلب کرکے سڑکیں کھلوائی گئیں اور ٹریفک بحال کردی گئی۔

مقدمے میں جن افراد کو نامزد کیا گیا ہے ان میں زمرد اعوان، بلال، احتشام شیخ، محمد ندیم، توفیق، ناصر، ثاقب، شکور سعیدی، قاضی موسیٰ اور بشیر احمد شامل ہیں۔

پولیس نے نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف دفعات 147، 149، 341، 186 اور 427 کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ خبریں