اسلام آباد: وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش نہیں کیا جائے گا جبکہ اس کی نئی تاریخ کا اعلان آج وزارت خزانہ کی جانب سے متوقع ہے۔
ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ مؤخر کرنے کا فیصلہ صدر مملکت اور وزیراعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبوں کی جانب سے وفاق کو 1700 ارب روپے فراہم کرنے کے معاملے پر فیصلہ تکنیکی کمیٹیاں کریں گی جن کی تشکیل آج متوقع ہے۔
دوسری جانب قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس جو آج منعقد ہونا تھا اب 10 جون کو ہوگا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پارلیمنٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران اس بات کی تصدیق کی تھی کہ بجٹ سے متعلق کئی امور ابھی تک حتمی شکل اختیار نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا تھا کہ بجٹ کے مختلف نکات پر مشاورت کا عمل جاری ہے اور بعض معاملات کو حتمی شکل دینا باقی ہے۔ وقت انتہائی محدود ہے جبکہ محرم الحرام کی آمد بھی شیڈول کی ترتیب میں ایک اہم عنصر ہے۔
















