راولپنڈی: لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہائکل نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لبنانی فوج کے سربراہ کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
دوران ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر اور جنرل روڈولف ہائکل کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں عسکری رہنماؤں نے پاکستان اور لبنان کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی دفاعی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ عسکری روابط کے استحکام کے لیے پرعزم ہے۔
جنرل روڈولف ہائکل نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کی تعریف کی۔
ملاقات میں تربیتی تعاون، ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور فوجی اشتراک کو مزید وسعت دینے کے امور پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ دونوں فریقین نے دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لبنانی آرمی چیف کا یہ دورہ پاکستان اور لبنان کے درمیان دفاعی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے اور دوطرفہ عسکری شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
















