Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

معاشی وسائل صوبوں کا حق، این ایف سی میں بلوچستان کا حصہ سو فیصد بڑھادیا، وزیراعظم

بطور وزیراعظم میری ذمہ داری ہے چاروں صوبوں کی یکساں ترقی کو یقینی بناؤں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبوں کو اپنے معاشی وسائل پر حق ہے، 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے حصے میں 100 فیصد اضافہ کردیا گیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن ارکان ان کے بھائی ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی مضبوطی اور ترقی کے لیے تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، بطور وزیراعظم میری ذمہ داری ہے کہ چاروں صوبوں کی یکساں ترقی کو یقینی بناؤں۔

بلوچستان سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صوبے کے عوام غیور اور محب وطن ہیں۔ بلوچستان میں کسانوں کے لیے شمسی ٹیوب ویلز کے منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کے حصے میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا تھا جبکہ پنجاب نے بھی اس میں بڑا حصہ بلوچستان کے لیے وقف کیا۔ بلوچستان کے وسائل میں حصہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ گوادر سے چمن تک شاہراہ کی تعمیر پر 300 ارب روپے سے زائد خرچ کیے جا رہے ہیں جبکہ صوبوں کو اپنے معاشی وسائل پر حق حاصل ہے۔

شہباز شریف نے حالیہ دنوں مظفرآباد میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے کا ذکر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں دو مسیحی بھائی بھی شہید ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں جبکہ شہدا قوم کے ہیرو ہیں اور شہید کا درجہ سب سے بلند ہے۔