Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، محرم الحرام سیکیورٹی پلان فائنل، حساس مقامات پر سخت نگرانی ہو گی

فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے امن کمیٹیاں فعال کر دی گئی ہیں

محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور عزاداروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کراچی پولیس نے جامع اور سخت سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے جس کے تحت شہر بھر میں حساس مقامات پر خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔

پولیس حکام کے مطابق محرم کے جلوسوں اور مجالس کے لیے تین مراحل پر مشتمل سیکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے جبکہ ضلع جنوبی سمیت اہم علاقوں میں بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔

ہزاروں اہلکار سیکیورٹی پر مامور

حکام کے مطابق مرکزی مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے 800 سے زائد پولیس اہلکار، درجنوں پولیس موبائلز اور 120 سے زائد این جی اوز اہلکار تعینات ہوں گے۔ پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

سخت پابندیاں اور نگرانی

محرم الحرام کے دوران لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جلوسوں کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جائے گی جبکہ اسنیپ چیکنگ اور خصوصی پٹرولنگ کو بھی مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

حساس مقامات پر اضافی اقدامات

حکام کے مطابق امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر خصوصی سوئپنگ کی جائے گی جبکہ مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔

اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گے جبکہ غیر متعلقہ بھاری گاڑیوں، واٹر ٹینکرز اور ڈمپرز کے جلوس روٹس پر داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری

پولیس حکام کے مطابق ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کوئیک رسپانس فورس کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔ ہسپتالوں میں خصوصی سیکیورٹی اور ریسکیو انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

امن کمیٹیاں اور رابطے

فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے امن کمیٹیاں فعال کر دی گئی ہیں جبکہ علما کرام اور ذاکرین کے ساتھ رابطے مزید مضبوط کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں