پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 29 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کارروائیوں میں کالعدم جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر خان فروش عرف زبال بھی مارا گیا جبکہ بھارتی پراکسی کالعدم جماعت الاحرار کے ایک کمانڈر سمیت مزید تین دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ 28 اور 29 جون کی درمیانی شب پاک افغان سرحد پر بڑے پیمانے پر فضائی کارروائیاں بھی کی گئیں جن میں پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں دہشت گردوں کے تین ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ مزید 25 دہشت گرد مارے گئے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے مراکز میں موجود اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں ہے تاہم اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن “عزم استحکام” کے مطابق انسداد دہشت گردی کی مہم جاری رہے گی اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔



















