معروف اداکارہ اور کاروباری شخصیت کومل عزیز خان نے معاشرتی دباؤ پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ لڑکیاں اپنی تعلیم اور خودمختاری پر توجہ دیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک سوال و جواب سیشن کے دوران اپنی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق مختلف سوالات کے کھل کر جوابات دیے۔
ایک صارف نے سوال کیا کہ آپ اپنے خاندان کے ساتھ رہتی ہیں یا الگ؟ کومل عزیز نے بتایا کہ میں ڈیڑھ سال قبل خاندانی گھر سے منتقل ہوگئی تھیں اور اس وقت اپنی ایک قریبی دوست اور پالتو بلی کے ساتھ رہائش پذیر ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ میرا خاندان قریبی علاقے میں ہی رہتا ہے اور ہم ایک دوسرے سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں یہاں تک کہ گھر کا کھانا بھی ایک دوسرے کو بھیجا جاتا ہے۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے واضح کیا کہ خاندانی گھر سے الگ رہنے کا مطلب رشتوں کا خاتمہ نہیں ہوتا بلکہ یہ ذاتی آزادی اور طرزِ زندگی کا انتخاب ہوتا ہے۔
شادی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کومل عزیز کا کہنا تھا کہ میں کسی بھی قسم کے معاشرتی دباؤ کو اہمیت نہیں دیتی اور اپنے فیصلے خود کرنے پر یقین رکھتی ہوں۔
انہوں نے نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں معاشرتی دباؤ کے بجائے اپنی تعلیم، مالی خودمختاری اور بنیادی حقوق پر توجہ دینی چاہیے تاکہ وہ مضبوط اور بااعتماد زندگی گزار سکیں۔


















