پاک بحریہ کے شہید افسر کی اہلیہ الویرا حمزہ نے اپنے شوہر کی شہادت کے غم کو عزم و حوصلے میں بدلتے ہوئے پاک بحریہ میں بطور آفیسر کمیشن حاصل کر لیا۔
لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد شہید کی حوصلہ مند اہلیہ الویرا حمزہ نے کمانڈنٹ گول میڈل جیت کر پاک بحریہ کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو جوائن کیا ہے۔
الویرا حمزہ نے کہا کہ میرے شہید شوہر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی شہادت سے میرے اندر بھی پاک بحریہ میں شمولیت کا جذبہ پیدا ہوا، میں نے جس یونیفارم میں اپنے شوہرکو دیکھا، آج اس جیسا یونیفارم پہن کر اسی مقام پر کھڑی ہونا میرے اورمیری بیٹی کیلئے باعثِ فخر ہے۔
شہید افسر کی باہمت اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان جذبات کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، پاکستان نیول اکیڈمی میں میرا بہت اچھا وقت گزرا، میں پاکستان کی ہرایک لڑکی کو یہ کہنا چاہتی ہوں کہ اگر میں ایک بیٹی کے ہوتے ہوئے اتنی ہمت کرسکتی ہوں تو آپ بھی فورسز میں آئیں۔
لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد شہید کی حوصلہ مند اہلیہ الویرا حمزہ کا پاک بحریہ میں بطور آفیسر شمولیت اختیار کرنا تمام پاکستانی خواتین کیلئے روشن مثال ہے۔



















