وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے سنگین واقعات میں پولیس، پاک فوج کے جوانوں اور شہریوں نے قربانیاں دیں تاہم ملک دشمن عناصر کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور معرکہ حق میں کامیابی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، پولیس اور عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کارروائیوں میں 54 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ ملک کے دفاع کے لیے افسران اور جوانوں نے لازوال قربانیاں پیش کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ انہوں نے شہداء کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کا عزم ہے کہ مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔ دہشت گردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے جبکہ دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے اور دہشت گرد افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں گزشتہ سال مئی میں معرکہ حق کی کامیابی بھی دشمن کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان جلد ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنے گا۔

















