Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف نے آزاد کشمیر کا وزیر اعظم بننے کی خواہش ظاہر کردی

انشا اللہ مظفرآباد، اسلام آباد سے بھی آگے نکل جائے گا، نواز شریف

مظفرآباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے انتخابی جلسے سے خطاب میں کہا کہ اگر ن لیگ کو آزاد کشمیر میں اکثریت ملی تو شہباز شریف کو کہوں گا کہ مجھے وزیراعظم بنادیں۔

نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں آزاد کشمیر کے عوام سے طویل عرصے بعد ملاقات کا موقع ملا ہے اور وہ مظفرآباد سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر بھی ان کے دل کے بہت قریب ہے اور آزاد کشمیر و مقبوضہ کشمیر دونوں کے ساتھ ان کا دلی تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح بڑے ترقیاتی منصوبے شروع ہونے چاہیے۔ مظفرآباد میں موٹر وے جیسے منصوبوں کی ضرورت ہے اور دریائے جہلم کے ساتھ ساتھ ایک خوبصورت موٹر وے تعمیر کی جانی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوہالہ سے مظفرآباد تک موجودہ سڑک ایک دہائی پرانی ہوچکی ہے جب کہ مانسہرہ سے مظفرآباد اور میرپور تک جدید شاہراہوں کی تعمیر آزاد کشمیر کے لیے ایک بڑا تحفہ ثابت ہوگی۔

نواز شریف کہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کبھی بھی آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب یا دیگر صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں میں کوئی تفریق نہیں کی۔ جس طرح پنجاب عزیز ہے اسی طرح آزاد کشمیر بھی یکساں اہمیت رکھتا ہے اور پنجاب کی طرز کے ترقیاتی منصوبے آزاد کشمیر میں بھی مکمل کیے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں واضح اکثریت حاصل کرتی ہے تو وہ وزیراعظم شہباز شریف سے کہیں گے کہ انہیں آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنادیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے اعتماد کیا تو وہ آزاد کشمیر کے تمام مسائل حل کریں گے اور ہر تین ماہ بعد یہاں کا دورہ بھی کریں گے۔

قائد مسلم لیگ (ن) کا مزید کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنے وعدے پورے کرتے ہیں اور مستقبل میں آزاد کشمیر کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا۔ پنجاب میں ترقی کا آغاز شہباز شریف نے کیا تھا جسے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آگے بڑھارہی ہیں۔

نواز شریف نے اعلان کیا کہ آئندہ چند روز میں مظفرآباد کے لیے 10 گرین بسیں چلائی جائیں گی جب کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کے لیے 15 موبائل اسپتال بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میئسر آسکیں۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ اللہ نے موقع دیا تو مظفرآباد کو ترقی کے ایسے راستے پر گامزن کریں گے کہ یہ شہر اسلام آباد سے بھی آگے نکل جائے گا۔

متعلقہ خبریں