Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک بھر میں پہیہ جام کا خدشہ، ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو ڈیڈ لائن دے دی

منی مزدا ایسوسی ایشن پاکستان نے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے

گڈز ٹرانسپورٹرز نے اپنے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا فیصلہ کرلیا ہے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹرز کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز متفقہ طور پر اس ہڑتال میں شریک ہوں گی اور مطالبات کی منظوری تک گاڑیوں کا پہیہ جام رہے گا۔

انہوں نے حکومت کو پیش کیے گئے چارٹر آف ڈیمانڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کا بنیادی مطالبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی ہے۔ ان کے مطابق قیمتیں روزانہ کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر مقرر کی جائیں اور حالیہ اضافے واپس لیے جائیں۔

ٹرانسپورٹرز نے ٹول ٹیکس میں کیے گئے اضافے کو واپس لینے، گڈز ٹرانسپورٹ شعبے پر عائد 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرکے 2 فیصد کرنے اور ایکسل لوڈ قوانین پر مؤثر عملدرآمد کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ کسٹمز کے بعض ایس آر اوز کے خاتمے، ڈرائیورز کیلئے ایچ ٹی وی لائسنس کے طریقہ کار میں بہتری، جبکہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کے قریب ٹرانسپورٹ گاڑیوں کیلئے پارکنگ کی سہولت فراہم کرنا بھی ان کے مطالبات میں شامل ہے۔

انہوں نے بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔

ٹرانسپورٹرز نے 20 سال پرانی گاڑیوں پر پابندی کے قانون اور حادثات کی صورت میں دیت سے متعلق قانون پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب منی مزدا ایسوسی ایشن پاکستان نے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر تنویر احمد جٹ کا کہنا ہے کہ 8 اگست سے شروع ہونے والی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال میں بھرپور ساتھ دیا جائے گا اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں