محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کے لیے نئے اوقاتِ کار کا سرکلر جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق 6 اگست 2026 سے فوری طور پر ہوگا۔ سرکلر کے مطابق تمام سرکاری اسکولوں کو نئے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق نئے اوقاتِ کار سنگل اور ڈبل شفٹ پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے لیے الگ الگ مقرر کیے گئے ہیں۔
سرکلر کے تحت 6 اگست سے 31 اکتوبر 2026 تک سنگل شفٹ پرائمری اسکول پیر سے جمعرات صبح 8:00 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک جبکہ جمعہ کے روز صبح 8:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک کھلے رہیں گے۔
اسی طرح یکم نومبر 2026 سے 31 مارچ 2027 تک سنگل شفٹ پرائمری اسکولوں کے اوقات صبح 8:30 بجے سے سہ پہر 3:00 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔
سرکلر میں ڈبل شفٹ پرائمری اسکولوں کی پہلی اور دوسری شفٹ کے اوقات بھی مقرر کیے گئے ہیں جبکہ ڈبل شفٹ ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کی پہلی شفٹ 6 اگست سے 31 اکتوبر تک صبح 7:30 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک جاری رہے گی۔
یکم نومبر سے 31 مارچ تک ڈبل شفٹ ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کی پہلی شفٹ کے اوقات صبح 8:00 بجے سے دوپہر 1:45 بجے تک ہوں گے۔
محکمہ تعلیم سندھ نے ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری سنگل شفٹ اسکولوں کے لیے بھی نئے اوقات نافذ کر دیے ہیں اور تمام متعلقہ افسران، ضلعی تعلیمی حکام اور اسکول سربراہان کو فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
سرکلر کے مطابق یہ نئے اوقاتِ کار آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہیں گے۔

















