اسلام آباد: یادگارِ فتح کی شاندار افتتاحی تقریب کے موقع پر صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء اور غازیوں کے اہلخانہ سے خصوصی ملاقات کی۔
یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم پاکستان شہداء اور غازیوں کے اہلخانہ میں گھل مل گئے اور ان سے فرداً فرداً ملاقات کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں‘‘۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء اور غازیوں کے اہلخانہ کی ثابت قدمی، صبر اور ملک کے لیے دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکۂ حق کے شہداء کے لواحقین کے سروں پر دستِ شفقت رکھا اور ان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
عسکری اور وفاقی قیادت کی جانب سے شہداء کے اہلخانہ سے یہ خصوصی ملاقات اس قومی عزم کی مظہر قرار دی گئی کہ پاکستان اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہر موقع پر ان کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑا رہے گا۔


















