آزاد کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ضلع باغ کے دو حلقوں کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ری پولنگ ایل اے 15 باغ 2 کے 9 جبکہ ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر ہورہی ہے۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
ایل اے 16 کے 14 پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر 7 ہزار 4 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ ایل اے 15 کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد 5 ہزار ہے۔
اس کے علاوہ ری پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 14 اور ایل اے 17 کے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ایل اے 14 غربی باغ سے جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے امیدوار ساجد اقبال کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ حلقہ ایل اے 17 حویلی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں حلقوں میں 10 اگست کو انتخابی عملہ پولنگ اسٹیشنز پر نہ پہنچنے اور کشیدہ صورتحال کے باعث پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔



















