سرورِ کونین حضرت محمدﷺ کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر ملک بھر میں جشنِ عید میلادالنبیﷺ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شہر، قصبوں اور دیہات میں خوشی اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے مساجد، بازاروں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں عید میلادالنبیﷺ 12 ربیع الاول کل (بروز بدھ) کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ مختلف شہروں میں سیرت النبیﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز، محافلِ نعت اور دیگر مذہبی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
عید میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے آج شب ملک بھر کی مساجد میں میلاد، درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل سجائی جائیں گی جہاں علماء کرام حضور اکرمﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔
آمدِ مصطفیﷺ کی خوشی میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ مختلف شاہراہوں اور بازاروں میں محرابیں، آرائشی دروازے اور دیگر سجاوٹ بھی کی گئی ہے۔
عاشقانِ رسولﷺ مختلف مقامات پر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عید میلادالنبیﷺ کے جلوس اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی جن میں شرکاء درود و سلام کا ورد کرتے ہوئے شرکت کریں گے۔
جشنِ عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر مختلف علاقوں میں نیاز اور لنگر تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضور اکرمﷺ سے محبت اور عقیدت کا حقیقی تقاضا آپﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات کو اپنی زندگی میں اپنانا ہے کیونکہ آپﷺ کی تعلیمات پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔
















