پاکستان ہاکی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی کوریا کو 1 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی جس کے بعد قومی ٹیم کو چار میچوں کی سیریز میں برتری حاصل ہوگئی۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی کوریا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو شکست دی۔
چار میچز پر مشتمل ہاکی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا جس کے بعد قومی ٹیم کو سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور مقابلہ کیا تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
جنوبی کوریا نے دوسرے کوارٹر میں پہلا گول کرکے میچ میں برتری حاصل کی تاہم پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے عبد الرحمن نے تیسرے کوارٹر میں گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کیا۔ چوتھے کوارٹر میں ابوبکر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے دوسرا گول اسکور کیا اور قومی ٹیم کو برتری دلا دی۔
ابوبکر نے ہی چوتھے کوارٹر میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے پاکستان کی کامیابی یقینی بنائی۔
میچ کے دوران صدر ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر مقابلہ دیکھا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان چار میچز کی ہاکی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔



















