ملتان: نیشنل چیمپئنزکپ کے فائنل میں پاکستان گرینز کے کپتان شاداب خان اور پاکستان گولڈ کے کپتان شاہین شاہ آفریدی آمنے سامنے ہوں گے، دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ بھی کرایا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل منگل کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، فاتح ٹیم کو 50 لاکھ جب کہ رنرز اپ کو 25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
پاکستان گرینز نے نیشنل چیمپئنزکپ میں اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ پاکستان گولڈ تین میں سے صرف ایک میچ جیت سکی ہے۔
فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ میں شرکت کی جب کہ فائنل میں شائقین کو سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔
پاکستان گولڈ کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پہلے دو میچز ہمارے حق میں نہیں تھے تاہم تیسرے میچ میں ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا۔
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان گرینز کی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور فائنل دلچسپ ہوگا، گولڈ کی ٹیم فائنل میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔
دوسری جانب پاکستان گرینز کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ پوری ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور گراؤنڈ میں سب کی بہترین ذہنی کیفیت رہی ہے۔
شاداب خان نے کہا کہ فائنل میں پاکستان گولڈ جیسی ٹیم خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، اس لیے گرینز کو فائنل میں بھی اپنی بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
یاد رہے کہ نیشنل چیمپئنز کپ کا فائنل منگل کی دوپہر 3 بجے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، جہاں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔
فائنل کے بعد شائقین کے لیے میوزیکل کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں معروف گلوکار ساحر علی بگا اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔



















