محکمہ موسمیات نے 7 تا 12 جون کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
کراچی میں درجہ حرارت 8 تا 12 جون کے دوران 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بالائی اضلاع میں پارہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
مزید برآں، جنوبی پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور آندھی کے امکانات بھی ہیں محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کے پیش نظر بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک دھوپ سے بچنے اور ہیٹ ویو کے دوران زیادہ پانی پینے اور خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔



















