Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

برطانیہ میں اقتدار کی تبدیلی، اینڈی برنہم نئے وزیراعظم بن گئے

انہیں پارٹی کے 403 میں سے 379 ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہوئی

برطانیہ میں سیاسی تبدیلی آ گئی، اینڈی برنہم نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھال لیا اور کیئر اسٹارمر کی جگہ ملک کے نئے وزیراعظم بن گئے۔

اقتدار کی منتقلی کے مرحلے میں کیئر اسٹارمر نے باضابطہ طور پر بکنگھم پیلس جا کر وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ دیا، جس کے بعد بادشاہ چارلس سوم نے اینڈی برنہم کو حکومت بنانے کی دعوت دی۔

اینڈی برنہم نے بادشاہ سے ملاقات کے بعد برطانیہ کے 59ویں وزیراعظم کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ بکنگھم پیلس کے مطابق بادشاہ نے اینڈی برنہم کو نئی انتظامیہ تشکیل دینے کی درخواست کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

کیئر اسٹارمر نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر اپنے آخری خطاب میں اپنے دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے برطانیہ کو زیادہ مضبوط اور منصفانہ بنانے کے لیے کام کیا۔ انہوں نے امیگریشن میں کمی، نیشنل ہیلتھ سروس کے انتظار کے اوقات میں کمی اور غربت سے متاثرہ بچوں کی تعداد کم کرنے کو اپنی حکومت کی کامیابیاں قرار دیا۔

اسٹارمر نے کہا کہ وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دینا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔ انہوں نے اینڈی برنہم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اینڈی برنہم، جو اس سے قبل گریٹر مانچسٹر کے میئر رہ چکے ہیں، لیبر پارٹی کے نئے سربراہ منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم بنے۔ انہیں پارٹی کے 403 میں سے 379 ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہوئی۔

نئے وزیراعظم نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر اپنے خطاب میں کہا کہ برطانیہ کو دوبارہ استحکام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے 40 سال میں سب سے بڑی تبدیلیوں کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لیے نیا سیاسی اور معاشی ماڈل متعارف کرایا جائے گا۔

اینڈی برنہم نے اعلان کیا کہ حکومت زندگی کی بنیادی ضروریات میں عوامی کردار بڑھائے گی، برطانوی صنعت کو فروغ دے گی اور رواں سال برطانیہ کے لیے 10 سالہ منصوبہ پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے مہنگائی اور عوامی مشکلات سے نمٹنے کے اقدامات کل سے شروع کرنے کا اعلان کیا جبکہ سڑکوں پر رہنے والے افراد کے مسئلے کا خاتمہ اپنی حکومت کی پہلی ترجیح قرار دیا۔

نئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ عوام کی فلاح کو اپنی حکومت کے ہر فیصلے کا مرکز بنائیں گے اور برطانیہ میں دوبارہ امید، اتحاد اور اعتماد بحال کریں گے۔

متعلقہ خبریں