ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی امن اور عوام کی خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ سعودی ولی عہد، ترکیہ کے صدر اور پاکستان کے وزیراعظم کی جانب سے مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط تینوں برادر ممالک کے مضبوط اور تاریخی تعلقات کی توثیق کرتے ہیں۔
توقيع سمو سيدي ولي العهد وفخامة رئيس الجمهورية التركية، ودولة رئيس وزراء جمهورية باكستان الإسلامية، على اتفاقية مكة للدفاع المشترك يؤكد عمق العلاقات الأخوية والاستراتيجية بين الدول الثلاث، ويشكل محطة مهمة في مسيرة التعاون الدفاعي بينها، وتتويجًا للرغبة المشتركة في توحيد الجهود…
— فيصل بن فرحان (@FaisalbinFarhan) August 7, 2026
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور خطے کو درپیش مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تینوں ممالک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ کے مطابق معاہدہ علاقائی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے مشترکہ سیاسی عزم کا اظہار ہے جس کے ذریعے ایک محفوظ اور پرامن علاقائی ماحول کے قیام میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ مستقبل میں امن، ترقی، خوشحالی اور اقتصادی مواقع کے فروغ کی راہ ہموار کرے گا اور تینوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔




















