Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مکہ دفاعی معاہدے پر ترک صدر کا اہم بیان سامنے آگیا

ترکیہ تنازعات اور بحرانوں کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا، ترک صدر

مکہ مکرمہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب ارگان نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کو اجتماعی دفاع، علاقائی سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

صدر رجب طیب اردگان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر جاری بیان میں کہا کہ وہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر مکہ مکرمہ پہنچے، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

 

انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران تینوں رہنماؤں نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جو دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر تعاون میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 51 میں تسلیم شدہ حقِ دفاع کی بھی توثیق کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاہدے کا مقصد کسی ملک کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے برادر ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینا ہے۔

رجب طیب ارگان نے مزید کہا کہ ترکیہ تنازعات اور بحرانوں کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا۔

انہوں نے دعا کی کہ مکہ مکرمہ کا یہ دورہ اور آج طے پانے والا معاہدہ پورے خطے کے لیے خیر، برکت، امن اور استحکام کا ذریعہ ثابت ہو۔

متعلقہ خبریں