ایران نے امریکا کی جانب سے عائد اقتصادی پابندیوں اور دباؤ کے ردعمل میں آبنائے ہرمز کے حوالے سے سخت انتباہ جاری کردیا۔
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف اقتصادی جنگ جاری رہی تو آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل مکمل طور پر روک دی جائے گی۔
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر عائد کی جانے والی پابندیاں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں اور مستقبل میں بھی یہ اقدامات مطلوبہ نتائج نہیں دے سکیں گے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آبنائے ہرمز سے تیل کی برآمد روکنے سے متعلق امریکی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں نفسیاتی جنگ کا حصہ قرار دیا۔
ایران نے بلغاریہ کو بھی خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی طیاروں کو ری فیولنگ کی سہولت فراہم کی تو حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔



















