چینی ٹیکنالوجی کمپنی آنر نے ورلڈ اے آئی کانفرنس 2026 میں دنیا کا پہلا “روبوٹ فون” متعارف کرا دیا جس میں مصنوعی ذہانت سے لیس خودکار روبوٹک کیمرہ سسٹم نصب ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، فون میں کیمرے کے ساتھ ایک جدید کمپیکٹ 4 گمبل دیا گیا ہے، جو آواز، اشاروں اور حرکات کو پہچان کر خودکار طور پر سبجیکٹ کو ٹریک کرتے ہوئے ویڈیو ریکارڈنگ کرتا ہے۔
کانفرنس کے دوران کمپنی نے فون کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا، جس میں روبوٹک کیمرہ موسیقی کی دھن پر حرکت کرتا اور صارف کی آواز پر مختلف فیچرز انجام دیتا دکھائی دیا۔ کمپنی کے مطابق یہ فون آبجیکٹ ٹریکنگ، اے آئی اسنیپ شاٹ، ہر زاویے سے اے آئی ویڈیو کالنگ، گھومنے والی کیمرہ موومنٹ اور تھری ایکسس اسٹیبلائزیشن جیسی جدید سہولیات سے لیس ہے۔ روبوٹک کیمرہ سر ہلانے اور دیگر اشاروں کے ذریعے بھی ردعمل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آنر نے فون کی چین میں باضابطہ پری بکنگ بھی شروع کر دی ہے۔ کمپنی کے مطابق صارفین آنر مال اور مجاز آن لائن اسٹورز کے ذریعے 31 اگست تک پری بکنگ کرا سکتے ہیں جبکہ فون کی باقاعدہ فروخت آئندہ ماہ متوقع ہے۔
پری بکنگ کرانے والے صارفین کو 3,500 یوآن مالیت کے خصوصی تحائف دیے جائیں گے جن میں لائف ٹائم YOYO AI SVIP 2 ممبرشپ، ایک سال کے دوران گمبل کی تین مرتبہ مفت تبدیلی، خصوصی گفٹ پیک، پانچ معیاری لوازمات، 24 ماہ تک بلاسود اقساط اور پرانا فون تبدیل کرنے کی سہولت شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق روبوٹ فون میں 200 میگا پکسل مین کیمرہ، 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ اور 200 میگا پکسل پیری اسکوپ ٹیلی فوٹو لینس دیا گیا ہے۔ کمپنی نے اس ڈیوائس کو سلور وائٹ اور گریفائٹ بلیک رنگوں میں پیش کیا ہے۔



















