Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رمضان کے پہلے عشرے میں موسم کیسا رہے گا؟

کراچی میں ہلکی بارش کا معمولی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے، خاص طور پر روزوں کے ابتدائی دنوں میں درجہ حرارت نسبتاً زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان کے پہلے عشرے کے دوران بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں اور دن کے اوقات میں بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم ملک کے وسطی اور شمالی شہروں میں درجہ حرارت معتدل رہنے کی توقع ہے۔

لاہور اور اسلام آباد میں رمضان کے آغاز پر درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جب کہ جنوبی علاقوں میں موسم زیادہ گرم رہنے کی پیش گوئی ہے۔

سندھ اور جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جس سے روزے کے اوقات نسبتاً سخت محسوس ہوں گے۔

دوسری جانب کراچی میں ہلکی بارش کا معمولی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوسکتا ہے جس سے شہر میں ہلکی پھوار پڑنے کا امکان ہے تاہم یہ بارش مجموعی طور پر گرم اور خشک موسم کے رجحان میں نمایاں تبدیلی نہیں لائے گی۔

کراچی میں رمضان کے پہلے بیس دنوں کے دوران درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

ماہرین کے مطابق رمضان کے آخری عشرے میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے جس کے پیش نظر شہریوں کو روزے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔