Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

زمین پر زندگی کی ابتداء کیسے ہوئی؟ ماہرین کا نیا نظریہ سامنے آگیا

عام طور پر زندگی کی ابتداء سے متعلق نظریات میں پانی کو بنیادی ماحول قرار دیا جاتا ہے۔

سائنس دانوں نے زمین پر زندگی کی ابتداء سے متعلق ایک نیا اور دلچسپ نظریہ پیش کیا ہے جس کے مطابق ابتدائی زندگی خلیات کی تشکیل سے بہت پہلے کسی چپچپے نیم ٹھوس یا لیس دار مادّے میں جنم لے سکتی ہے۔

تحقیق کرنے والی بین الاقوامی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ گاڑھا مادہ کسی چٹان سے چمٹا ہوا ہوسکتا تھا، جہاں ابتدائی کیمیائی عمل نے زندگی کی بنیاد رکھی۔

عام طور پر زندگی کی ابتداء سے متعلق نظریات میں پانی کو بنیادی ماحول قرار دیا جاتا ہے تاہم محققین کے مطابق صرف پانی میں سادہ مولیکیولز کا پیچیدہ حیاتیاتی ڈھانچوں میں بدل جانا آسان نہیں تھا۔

ایسے میں ایک گاڑھا، جیلی نما ماحول ان مولیکیولز کو جمع رکھنے اور منظم کرنے میں مدد دے سکتا تھا جس سے پیچیدہ مولیکیولز کی تشکیل ممکن ہوئی۔

ماہرین کے مطابق زمین کا ابتدائی دور نہایت سخت تھا۔ سورج کی تیز بالائے بنفشی شعاعیں براہِ راست سطح تک پہنچتی تھیں اور درجہ حرارت بھی انتہائی تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ماحول میں نازک کیمیائی عمل کا برقرار رہنا مشکل تھا۔ چپچپے نیم ٹھوس مادے کی تہہ ایسے کیمیائی اجزا کو تحفظ فراہم کرسکتی تھی اور انہیں بیرونی اثرات سے بھی بچاسکتی تھی۔

تحقیق کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس نظریے کے مطابق ابتدائی خلیے براہِ راست وجود میں نہیں آئے بلکہ پہلے اس گاڑھے مادّے میں کیمیائی نظام منظم ہوا جس کے بعد خلیات کی تشکیل ممکن ہوئی۔

اس مادے میں مولیکیولز ایک دوسرے کے قریب رہتے، توانائی کا تبادلہ کرتے اور آہستہ آہستہ پیچیدہ ساختیں بناتے گئے۔ روشنی، خصوصاً بالائے بنفشی اور حرارتی شعاعیں ان کیمیائی عمل کو توانائی فراہم کرتی تھیں۔

مزید یہ کہ ایسا ماحول سادہ مولیکیولز کو آپس میں جڑ کر بڑے مولیکیولز بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا تھا جب کہ پانی میں عموماً مولیکیولز ٹوٹنے کا عمل زیادہ ہوتا ہے۔ اس طرح نیم خشک مگر مرطوب کیفیت پیچیدہ حیاتیاتی اجزا کی تشکیل کے لیے زیادہ موزوں ہوسکتی تھی۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اگر زندگی کی ابتدا واقعی ایسے چپچپے یا لیس دار مادے میں ہوئی تو خلائی تحقیق میں بھی صرف مخصوص کیمیائی اجزا ہی نہیں بلکہ ایسے ساختی ماحول کی تلاش اہم ہوگی جہاں مولیکیولز جمع ہوکر منظم ہوسکیں۔